نئی دہلی، 12؍جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )کانگریس لیڈر اورسابق ممبر پارلیمنٹ سندیپ دکشت نے فوجی سربراہ جنرل بپن راوت کاموازنہ’ سڑک کے غنڈے‘سے کرنے کے لیے پیر کو ایک بار پھر معافی مانگی ہے۔دراصل ان کے اس تبصرہ کی مسلسل تنقید ہو رہی تھی، اس معاملے میں بی جے پی نے سندیپ پر حملہ بولا اور کانگریس سے ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔سندیپ دیکشت نے کہا تھا کہ انہیں یہ تو سمجھ میں آتا ہے کہ پاکستان کے فوجی سربراہ خراب زبان استعمال کریں، لیکن انہیں تعجب ہے کہ ہندوستانی فوج کے سربراہ کیوں ’سڑک کے غنڈے‘کی طرح بیان دے رہے ہیں۔غورطلب ہے کہ جنرل راوت کے اس بیان کو لے کر بھی کافی تنازعہ ہوا تھا ، جس میں انہوں نے وادی کشمیر میں پتھربازوں سے بچنے کے لیے فوجی گاڑی کے سامنے ایک کشمیری نوجوان کو باندھنے کے فوجی افسر کے فیصلے کو درست ٹھہرایا تھا۔حالانکہ تنقید کے بعد سندیپ دیکشت نے ٹوئٹ میں کہا،مجھے آرمی چیف کی بات سے اعتراض ہے، لیکن مجھے سوچ سمجھ کر صحیح الفاظ کا انتخاب کرنا چاہیے تھا، سندیپ نے یہ ٹوئٹ مرکزی وزیر داخلہ کرن رجیجو کی طرف سے ان کی سخت تنقید کے بعد کیا۔رجیجو نے اتوار کو ٹوئٹ کرکے کہا تھاکہ کانگریس میں کیا ہو رہا ہے؟ کانگریس ہندوستانی فوج کے سربراہ کو ’سڑک کا غنڈہ ‘کہہ کر خطاب کرنے کی ہمت کیسے کر سکتی ہے؟